کابل: حکومت نے افغان طالبان کے 100 قیدیوں کو رہا کردیا

کابل (ڈیلی اردو) افغان حکومت نے دوحا معاہدے پر عمل کا آغاز کرتے ہوئے طالبان کے 100 قیدیوں کو رہا کردیا۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق افغان قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے 100 طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کی تصدیق کی ہے۔

ترجمان افغان قومی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ صدر اشرف غنی کے حکم کے تحت افغان حکومت نے 100 طالبان قیدیوں کو ان کی عمر ، صحت اور بقیہ سزا کو مدنظر رکھتے ہوئے رہا کردیا ہے۔

قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے افغان طالبان کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز افغان طالبان نے قیدیوں کی رہائی سے متعلق افغان حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

طالبان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت حیلے بہانے کرکے قیدیوں کی رہائی میں تاخیر کررہی ہے۔

ادھر افغان حکومت کا موقف ہے کہ طالبان قیدیوں کی رہائی میں تاخیر اس لیے ہو رہی ہے کہ طالبان سب سے پہلے اپنے 15 اعلیٰ کمانڈروں کی رہائی کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں، جب کہ افغان حکومت طالبان کے 400 قیدیوں کو رہا کرنے پر تیار ہے جو خطرناک نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں