پاکستان میں کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق، تعداد 80 ہوگئی، 4980 متاثر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) ملک بھر میں کورونا وائرس کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، مہلک وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 4980 ہو گئی ہے جبکہ پاکستان میں مزید 9 افراد چل بسے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 80 تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس بے لگام ہو رہا ہے، ملک بھر میں مریضوں کی تعداد میں اضافے ہونے لگا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مہلک وباء کے مزید 182 کیسز سامنے آئے ہیں۔

آج ملک بھر میں اب تک ہونے والی 80 ہلاکتوں میں سے  سندھ میں سب سے زیادہ 28 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 25 اور  پنجاب میں 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج کورونا کے کیسز کی صورتحال

آج بروز ہفتہ ملک بھر سے کورونا کے اب تک 188 کیسز سامنے آچکے ہیں اور 9 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔ ایک دن میں یہ ہلاکتوں کی اب تک سب سے زیادہ تعداد ہے

آج سندھ میں 104 کیسز  اور 6 ہلاکتیں، پنجاب میں 74 کیسز اور 3 ہلاکتیں، بلوچستان میں 8 کیسز جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔

حکومتی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2457 مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جبکہ اس وقت ملک بھر میں 57 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مہلک وباء سے 762 افراد صحت مند ہو چکے ہیں، 4970 افراد میں سے 50 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

کیسز کی بات کی جائے تو اس وقت سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں ہیں، پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2414 ہے، دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے جہاں پر مریضوں کی تعداد 1318 ہے۔

تیسرے نمبر پر خیبرپختونخوا ہے جہاں پر مریضوں کی تعداد 656 ہے، بلوچستان میں 220 مریض ہیں، وفاقی دارالحکومت میں 113 ، گلگت بلتستان میں 215 مریض ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 34 ہے۔

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا ائرس کے خدشات کے باعث 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 17 لاکھ 41 ہزار 621 افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے ایک لاکھ 6 ہزار 670 افراد ہلاک اور 3 لاکھ 93 ہزار 444 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں