کورونا وائرس: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسٹر کا تہوار سادگی سے منایا جارہا ہے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہماری مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں، میری اپیل ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر گھروں تک محدود رہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے اپنے اور اہل خانہ کی سلامتی کا اہتمام کریں، ایسٹر کے موقع پر گھروں ہی میں عبادات کریں اور خوشیاں منائیں۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں قومی حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے پر بہ طور خاص زور دیا، انھوں نے لکھا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے سے نہ صرف خود بلکہ اہل خانہ کی سلامتی کا بھی اہتمام ہوگا۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی پیغام جاری کرتے ہوئے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد دی ہے، انھوں نے پیغام میں کہا کہ ایسٹر کا اصل پیغام پیار اور خوشی کا ہے، یہ پیغام امن اور مذہبی ہم آہنگی لانے کے لیے بہت ضروری ہے، پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری و دیگر اقلیتیں برابر کے شہری ہیں، آئین کے تحت اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وہ ایسٹر پر اجتماعی تقریبات مؤخر کرنے پر مسیحی برادری کے شکر گزار ہیں۔

ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ: ’مسیحی برادری کو ایسٹرکی خوشیاں مبارک ہوں! آج ایسٹر کی خوشیوں میں دوسروں کو شامل کرنے کا بہترین طریقہ سماجی دوری اور حفاظتی تدابیر کو اپنانا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار سادگی سے منا رہی ہے، مسیحی برادری نے ایسٹر کی تمام تر مذہبی تقریبات منسوخ کر دی ہیں اور تہوار سادگی کے ساتھ گھروں میں منایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسیحی برادری کو ایسٹر کی دعائیہ تقریبات میں آن لائن شرکت کی ہدایت کی گئی ہے، دفعہ 144 کے باعث کسی کو چرچ جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

دوسری جانب کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے گرجا گھروں میں انتہائی محدود پیمانے پر عبادات کا اہتمام کیا گیا جب کہ پادری اور ایک معاون عبادت اور دعا کے لیے چرچ میں موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں