پاکستان میں کورونا سے 24 گھنٹوں میں 14 افراد جاں بحق، تعداد 91 ہوگئی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی 91 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے مریضوں کی تعداد 5232 تک پہنچ گئی ہے۔

اتوار کو ملک میں مہلک وائرس سے خیبرپختونخوا اور سندھ میں ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا کی وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 افراد کی مہلک وائرس سے انتقال کی تصدیق کی۔ 

وزارت صحت کے مطابق صوبے میں ہلاکتیں مردان، پشاور اور صوابی میں ہوئیں جن کی عمریں 80، 65 اور 52 سال تھیں جبکہ تمام افراد کی تبلیغی جماعت کے ساتھ کی ٹریول ہسٹری موجود ہے۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ مزید 3 افراد کی ہلاکت کے بعد صوبے بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 34 تک جاپہنچی ہے۔

صوبہ سندھ میں آج مزید 2 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 30 تک جاپہنچی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی ہے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 34، سندھ میں 30 اور  پنجاب میں 21 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ملک میں آج اب تک  196 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سندھ میں 93، خیبرپختونخوا میں 47، پنجاب میں 39، گلگت بلتستان میں 8، آزاد کشمیر میں 6، بلوچستان میں 2 اور  اسلام آباد  میں  ایک کیس سامنے آیا۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 5232 ہو گئی ہے۔ 

وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس کل ہو گا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں اور ان کا اعلان وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔

یاد رہے کہ ملک میں نافذ کردہ دو ہفتے کے لاک ڈاؤن کی مدت 14 اپریل کو ختم ہو رہی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع یہ بتدریج اس میں نرمی کرنے کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔

معاون خصوصی نے تازہ ترین اعداد و شمار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹے پاکستان پر بھاری تھے اور ملک میں اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہوئی ہیں جبکہ اسی دورانیے میں 254 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں پانچ ہزار سے زائد کیسز میں سے نصف کیسز وائرس کی مقامی سطح پر منتقلی کے ہیں۔

’ہم اس حوالے سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں اور اب بھی کہہ رہے ہیں کہ اگر عوام نے احتیاطی تدابیر پر اچھی طرح عمل نہیں کیا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے اور شرح اموات بڑھ سکتی ہے۔‘

معاون خصوصی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد پاکستان میں کورونا کے باعث شرح اموات 1.7 فیصد ہو گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں میں سے 34 کی حالت خطرے میں ہیں اور یہ مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے سب سے مستحسن انداز میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکا ہے اور مریضوں کی دیکھ بھال کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں