وزیراعظم عمران خان کا ہفتے کے روز سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے ہفتے کے روز سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کو کھولنے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن سے عوام شدید مشکلات میں تھی، ہمیں خوف تھا کہ لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقے کا کیا ہو گا۔

پاکستان میں حالات چین اور یورپ سے مختلف ہیں، پوری دنیا کی طرح پاکستان نے بھی لاک ڈاؤن کیا، سماجی فیصلے سے وائرس کا پھیلاؤ رک گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارے صوبوں کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا کہ اب آسانیاں پیدا کرنی ہیں، تعمیراتی شعبے سے متعلق مزید سیکٹرز کھول رہے ہیں۔ معیشت کھولنے اور لاک ڈاؤن ختم کرنے کے لیے ہمہ وقت سوچتے رہتے ہیں۔

وزیراعظم نے ہفتے کے روز سے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کر دیا۔ 

آج پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 15 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 578 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 24530 تک جاپہنچی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں