افغانستان: خوست میں دھماکا، جنرل سید احمد بابازی سمیت 3 اہلکار ہلاک

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے خوست میں سڑک پر ایک بم حملے میں صوبائی پولیس کے سربراہ سید احمد بابازی سمیت تین پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے خوست میں سڑک کنارے نصب بم اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے صوبے کے پولیس چیف کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے میں بريگيڈيئر جنرل سید احمد بابازی شدید زخمی ہوگئے جب کہ دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

صوبہ خوست کے گورنر حلیم فدائی نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں پولیس کے سربراہ سید احمد بابازی کے ساتھ ان کا سیکرٹری اور ایک اور افسر بھی ہلاک ہوا۔

صوبے خوست کے گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ خوست پولیس چیف بريگيڈيئر جنرل سید احمد بابازی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ بريگيڈيئر جنرل سید احمد بابازی پر طالبان دہشت گردوں کے خلاف آپريشن کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹویٹ میں حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ادھر خوست کے مقامی طالبان قیادت نے پولیس چیف پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی جنگجوؤں کی ہلاکت کا بدلہ لیا گیا ہے، اگر ہم پر کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو ایسے حملے جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں