کراچی: جیو نیوز کے صحافی ولی خان بابر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم 9 سال بعد گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی پولیس نے ایک اور پرانا کیس حل کر دیا، نجی ٹی وی کے رپورٹر ولی خان بابر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم 9 برس بعد پکڑا گیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ملزم کامران عرف شانی کی گرفتاری ظاہر کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں 9 سال قبل ٹارگٹ کلنگ میں مارے جانے والے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے رپورٹر ولی خان بابر قتل کیس کو کراچی پولیس حل کرنے میں کامیاب ہوگئی، صحافی ولی بابر پر براہِ راست گولیاں چلانے والا مرکزی ملزم پکڑا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ پیر کی صبح ملزم کو ایس آئی یو پولیس کی مدد سے گرفتار کیا، محمد کامران عرف ذیشان عرف شانی نے 9 برس کراچی میں گزارے، ملزم نے ولی بابرسمیت چار افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

غلام نبی میمن نے بتایا کہ دو ہزار آٹھ میں ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے والے ملزم کامران نے بانی ایم کیو ایم کی اہلیہ کا انٹرویو کرنے پر ولی بابر کو قتل کیا، ولی بابر کی موت کی بڑی وجہ انکی اے این پی سے وابستگی اور ایم کیو ایم مخالف ہونا تھا۔

غلام نبی میمن ایڈیشنل آئی جی کراچی، صوبائی وزیر اطلاعات نے ولی بابر کے اصل شوٹر کی گرفتاری پر کراچی پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔

کراچی پولیس حکام کے مطابق ولی بابر کیس کے ابتک پانچ گواہان کو موت کے گھاٹ اتار جاچکا ہے، تمام گواہان کو مارنے کے احکامات ایم کیوایم لندن جنوبی افریقا سیٹ اپ سے ملا کرتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں