کراچی: پاک بحریہ کا جاپان کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز

کراچی (ڈیلی اردو) پاکستان بحریہ نے جہاز رانی کے تحفظ اور قذاقی کی روک تھام کے لیے جاپان کے ساتھ بحری مشقوں کا آغاز کردیا۔

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے (ہیلی کاپٹر سمیت) جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے جہاز اونامی کے ساتھ پیسج مشق میں شرکت کی۔ یہ دونوں جہاز فی الوقت خلیج عدن کے اہم علاقے میں موجود ہیں اور قذاقی کے انسداد اور بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی عالمی کوششوں کا حصّہ ہیں۔

اس بحری مشق میں خطے کے بحری تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کئی آپریشنل سیریل شامل تھے جن کا مقصد باہمی آپریشنز کی صلاحیت اور باہمی تعادن کو فروغ دینا ہے۔

پی این ایس ذوالفقار خلیجِ عدن میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) میں بھی حصّہ لے رہا ہے۔ یہ مشق سمندروں میں بین الاقوامی جہازرانی کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنے اور سمندروں میں ہونے والی غیر قانونی کارروائیوں کے خلاف عالمی کوششوں کا حصہ ہے جس میں اپنا حصّہ ڈالنے کے پاک بحریہ پر عزم ہے۔

پاک بحریہ، حکومتی پالیسیوں کے تحت بحری حفاظت اور خطے کی سیکیورٹی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ اس مشق سے پاک بحریہ اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے مابین باہمی روابط بہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں