راولپنڈی: تاجی کھوکھر کا بیٹا فرخ کھوکھر دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار

راولپنڈی (نمائندہ ڈیلی اردو) راولپنڈی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل فرخ کھوکھر کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے میں 333 نامی گینگ کے سرغنہ امتیاز علی المعروف تاجی کھوکھر  کے بیٹے فرخ کھوکھر نے فورتھ شیڈول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر کے باہر میڈیکل کیمپ کی صورت میں عوام کو اکھٹا کیا، جس پر ایس ایچ او ائیرپورٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل ملزم فرخ کھوکھر کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او ائیرپورٹ نے بتایا کہ ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس پی پوٹھوہار نے کہا کہ فورتھ شیڈول/ دہشت گردی میں شامل افراد پر کڑی نگرانی ہے، قانون سب کے لئے برابر ہے، قانون کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں کی جائیگی، سی پی او محمد احسن یونس کا اس موقعہ پر کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس  قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں