پنجاب: ڈیرہ غازی خان میں فائرنگ، 8 افراد ہلاک، 15 زخمی

ڈی جی خان (ڈیلی اردو) جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ افراد نے حملہ کرتے ہوئے 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

ڈی جی خان پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پل شیخانی کے قریب مسلح افراد نے دیہی علاقے کی مارکیٹ میں گھس کر وہاں موجود افراد پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ 15 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جرائم پیشہ لادی گینگ نے شہریوں پر حملہ کیا، حملہ آور دو تھے، جن میں سے ایک پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مارا جا چکا ہے جبکہ دوسرا ملزم ایک سکول میں جاگھسا ہے، جہاں سے ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دوسری جانب ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

آئی جی پنجاب نے ڈی جی خان میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ڈی جی خان میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں