افغانستان میں البیرونی یونیورسٹی کی بس کے قریب دھماکا، 4 لیکچرار ہلاک، 13 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے پروان کے ضلع بگرام میں ہفتے کی دوپہر البیرونی یونیورسٹی کی ایک بس پر بم حملے میں کم ازکم چار لیکچرار ہلاک اور 13 سے زائد زخمی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق یونیورسٹی بس کو بگرام میں نشانہ بنایا گیا۔ بس میں 17 کے قریب اساتذہ اور تعلیمی عملہ سوار تھا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ یونیورسٹی بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

ریسکیو ادارے کے عملے نے بس کو کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں 4 لیکچرار کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں پروفیسر ‏میوند نجرابی، پروفیسر نور احمد احمدی شامل ہے۔ جبکہ زخمیوں میں یونیورسٹی ہیڈ عبدالقہار سروری سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پروان پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں طالبان سمیت کئی جنگجو گروہ متحرک ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا کا عمل شروع ہوگیا ہے جب کہ قطر میں ہونے والے بین الافغان مذاکرات بھی کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے جس کے باعث ملک میں پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں