کابل میں دو مسافر بسوں میں دھماکے، خاتون اینکر سمیت 12 افراد ہلاک، 10 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو مسافر بسوں میں دھماکوں سے نجی ٹی وی چینل ‘آریانا نیوز’ کی اینکر مینا خیری سمیت بارہ افراد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے کم از کم آٹھ افراد کا تعلق ہزارہ شیعہ کمیونٹی سے ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دو بم حملوں میں شیعہ مسافر بسوں کو ہدف بنایا گیا تھا جس سے ان خطرات کی نشاندہی ہوتی ہے، جو عام شہریوں کو لاحق ہیں۔

کابل میں پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے کہا ہے کہ جمعرات کو ہونے والا پہلا حملہ کابل کے جنوب مغرب میں ایک شاہراہ پر ہوا۔ دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ اس علاقے میں زیادہ تر شیعہ ہزارہ کمیونٹی آباد ہے۔

اس دھماکے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد، پولیس کے مطابق، دوسری مسافر بس کو چند کلو میٹر دور ہزارہ کمیونٹی کے علاقے کے نزدیک ہدف بنایا گیا۔ یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آرہے ہیں کہ جب غیر ملکی فوجیں افغانستان سے نکل رہی ہیں۔

دونوں حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

عسکریت پسند گروپ داعش نے اس سے قبل بھی علاقے میں اسی نوعیت کے حملے کیے ہیں اور منگل کو بھی دو چھوٹی مسافر بسوں پر حملوں میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عسکریت پسند گروپ تنظیم داعش ماضی میں ہزارہ کمیونٹی پر کیے جانے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہے۔ ان حملوں میں سینکڑوں ہزارہ شیعہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں