کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی نظربندی میں توسیع کی استدعا مسترد

لاہور (ڈیلی اردو) لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے 3 رکنی نظرثانی بورڈ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع کی استدعا مسترد کی۔

گزشتہ ماہ لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے کالعدم تحریک لبیک کے 13 کارکنوں کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں جس پر احاطہ عدالت سے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

عدالت کے روبرو سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ کوٹ رادھا کشن قصور پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا تھا، ملزمان تحریک لبیک کے کارکن ہیں۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان نے سعد رضوی کی گرفتاری پر احتجاج کیا تھا، ملزمان نے عوام الناس اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ سربراہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان صاحبزادہ سعد حسین رضوی کو رواں برس اپریل کے مہینے میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے بھی جیل میں ان سے ملاقات کی تھی جبکہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کا ملک بھر میں جاری احتجاج بھی ختم کر دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں