بھارت نے افغانستان کو پاکستان کیخلاف دہشتگردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، مشیر قومی سلامتی معید یوسف

اسلام آباد (ڈیلی اردو) مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے بھارت کو واضح کر دیا ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہے، مودی کو پیغام دیدیا مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خاتمے تک بات چیت ناممکن ہے۔

معید یوسف نے ایک دفعہ پھر بھارت کا گھنائونا چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا لاہور دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دئیے ہیں، بھارت کو پاکستان میں دہشتگردی روکنا ہوگی، بھارتی حکومت آر ایس ایس اور فاشسٹ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، انہوں نے کہا پاکستان ہمیشہ امن کیلئے کوشاں رہا لیکن بھارت کی ہندوتوا سوچ آڑے آ رہی ہے۔

معید یوسف کا کہنا تھا بھارتی وزیر خارجہ نے قبول کیا بھارت نےفیٹف کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا، بھارت پاکستان کے خلاف افغانستان میں بیٹھ کر دہشتگردی کروا رہا ہے، بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، لیکن پاکستان افغان مسئلہ کے سیاسی حل کیلئے کوشش کرتا رہے گا۔

معید یوسف نے بھارتی صحافی کرن تھاپرکو لاجواب کرتے ہوئے کہا کیا وجہ ہے بھارت میں مودی کو ہٹلر سے مطابقت دی جا رہی ہے؟ بھارتی صحافی کرن تھاپر کے پاس معید یوسف کے سوال کا کوئی جواب نہ تھا، ڈاکٹر معید یوسف نے بھارت میں کورونا صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا، مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کرن تھاپر کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں