امریکی سی آئی اے چیف کی آرمی چیف قمر باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات

اسلام آباد (ڈیلی اردو) امریکہ کی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی ( سی آئی اے) کے سربراہ ولیم جوزف برنز نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید سے ملاقات کی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات، خطے میں سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق فوجی حکام کی جانب سے یہ باور کروایا گیا کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کی خطے میں امن کے لیے معاونت کرنے کے لیے تیار ہے اور افغان عوام کے ایک مستحکم اور خوشحال مستقبل کا خواہاں ہے۔

اعلامیے کے مطابق سی آئی اے کے چیف نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، خاص کر انخلا کے کامیاب آپریشن، خطے میں استحکام کی کوششوں کو سراہا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا نے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی بشمول افغانستان کی موجودہ صورتحال اور یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرچیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات پر مبنی باہمی فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے سنجیدہ ہیں۔

یورپی یونین کی سفیر نے افغانستان کی صورت حال بشمول کامیاب انخلاء آپریشن اور علاقائی استحکام کے لئے کوششیں کرنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں