شمالی وزیرستان: ٹارگٹ کلنگ سمیت 2 مختلف واقعات میں ایک مغوی سمیت 2 افراد ہلاک

میران شاہ (ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بدامنی کے دو مختلف واقعات میں ایک مغوی مزدور سمیت دو افراد کو ہلاک کر دیا گیا۔

زرائع کے مطابق آج شام کے قریب تحصیل بویا لانڈ سید آباد میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں نامعلوم افراد نے سجاد خان ولد خلیل خان کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

نامعلوم مسلح افراد ٹارگٹ کلنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، سجاد خان کی ڈیڈ باڈی پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب گذشتہ روز سات ماہ قبل شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ سے پانچ ساتھیوں سمیت اغوا کئے گئے ایک مزدور کی لاش ملی تھی جنہیں دن دیہاڑے نامعلوم افراد نے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا، ان سات مغیوں میں سے ایک مغوی کو گزشتہ روز گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مغوی کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) علیم خان خوشالی گروپ نے قتل کیا ہے، ایک مہینہ قبل مغویوں میں سے ایک معوی ہمایون خدی کو چھوڑ دیا گیا تھا جبکہ 4 مغوی اب بھی علیم خان خوشالی گروپ کے چنگل میں ہیں۔

دوسری جانب کئی دن قبل گاؤں خدی کے ملکانان اور جرگہ نے ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان سے ملاقات کی جس میں ڈپٹی کمشنر نے دلاسہ دیا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے حکومت کی کوششیں جاری ہیں، جلد بازیاب کرایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں