سعودی عرب اتحاد کے حوثیوں پر حملے، 190 باغی ہلاک

ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے عرب فوجی اتحاد نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر 44 حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

عرب اتحاد برائے یمن نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کی مارب، البیضا اور تعز کمشنریوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر 44 حملے کیے گئے جس میں 190 حوثی باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔

ترجمان عرب اتحاد بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کے مطابق مارب، البیضا اور تعز کمشنریوں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترکی المالکی نے بتایا کہ مارب پر حملہ کیا گیا وہ حوثیوں کا اسپیشل کیمپ تھا، حملوں میں باغیوں کی 16 فوجی گاڑیاں تباہ اور 70 سے زیادہ حوثی ہلاک ہوئے۔

چند روز قبل ہی حوثی باغیوں نے عسکری اتحاد میں شامل متحدہ عرب امارات پر ایک ڈرون حملہ کیا تھا جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے ہی عرب اتحاد نے حوثیوں کے خلاف اپنے حملے مزید تیز کر دیے ہیں۔

اقوام متحدہ نے یمن کے ایک حراستی مرکز پر اس فضائی حملے کی مذمت کی ہے جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ شمال مغربی یمن میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ علاقے صعدہ میں واقع اس حراستی مرکز کو گزشتہ جمعے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

سعودی عرب کے زیر قیادت اتحادی افواج سن 2015 سے ہی ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ اس لڑائی کے نتیجے میں ہزاروں شہری ہلاک ہو چکے ہیں، جس میں دس ہزار سے بھی زیادہ بچے متاثر ہوئے ہیں۔ لڑائی کے سبب لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور ملک اس وقت بد ترین انسانی بحران سے دو چار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں