سندھ: سانگھڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی ہلاک

سانگھڑ (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کرکے مقامی صحافی کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے شہر جھول میں فائرنگ کا واقعہ پش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی ہلاک ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے مقامی صحافی کا بھانجا شدید زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے بتایا فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جھول میں صحافی میر مرتضیٰ شر کو قتل کرنے والے ملزم گرفتار کرلیا ہے، ملزم علی نواز شر کو اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سانگھڑ میں صحافی کے قتل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ صحافیوں کی سلامتی چیلنج بن گئی ہے، مراد علی شاہ کو صحافیوں کے معاملات پر وفاق کی تشویش سے آگاہ کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا بیچ شہر میں صحافی کا قتل پولیس کیلئے شرمندگی کا مقام ہے، سندھ میں صحافیوں کا قتل معمول بن چکا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مقتول صحافی کے اہلخانہ سے تعزیت و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا صحافی عزیز میمن، اجے لالوانی کے قاتل پی پی میں اہم عہدوں پر موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں