ایران کیلئے فنڈنگ کا الزام: ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن پاکستان کا اعلیٰ افسر گرفتار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے (ایران) کیلئے حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اور وفاقی حساس ادارے نے  مشترکہ کارروائی میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن میں گریڈ 19 کے ایک اعلیٰ افسر کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افسر کا نام سید وصال حیدر نقوی ہے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1491119999133847557?t=UPHG1jh54258ltm0M7-r8A&s=19

ایف آئی اے حکام نے مزید بتایا کہ اس گینگ کے 13 ملزمان کو مشترکہ کارروائی میں 27 جنوری کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

حکام کی مطابق گرفتار افراد کا تعلق بیرونی انٹلیجنس ایجنسی سے ہے جبکہ گرفتار ہونے والوں میں سوئس ایکسچینج کمپنی کے ملازمین بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے 18 ہزار امریکی ڈالر، 2 کروڑ 23 لاکھ پاکستانی روپے اور دیگر غیر ملکی کرنسی اور نہایت حساس اور غیر قانونی دستاویزات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان بیرونی انٹیلی جنس ایجنسی کی ایماء پر کام کرتے تھے، ملزمان پاکستان حوالہ اور ہنڈی کا کام کرنے کے علاوہ ان نیٹ ورکس کو امداد اور رقوم کی ترسیل کرتے تھے، ملزمان گزشتہ سات سالوں سے پاکستان میں کام کر رہے تھے۔

ایف آئی اے حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزمان اس دوران انتہائی بھاری رقوم کا حوالہ ہنڈی کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں