سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نام 1649 کنال زرعی اراضی سمیت مختلف جائیداد ضبط کرلی

لاہور (ڈیلی اردو) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کے نام 1649 کنال زرعی اراضی سمیت مختلف جائیداد ضبط کرلی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواشریف کی جائیداد ضبط کرنے کی رپورٹ احتساب عدالت جمع کروا دی۔

رپورٹ کے مطابق نیب میاں محمد نوازشریف کے نام مختلف شہروں میں کل 1649 کنال 39 مرلے زرعی اراضی ضبط کر چکا ہے، لاہور کے 3 موضع جات میں نوازشریف کے نام پر 1547 کنال زرعی اراضی ضبط کی گئی۔

نوازشریف کے نام پر ایک مرسیڈیز اورا یک ٹیوٹا لینڈ کروزر بھی ضبط اثاثوں میں شامل ہے، مختلف کمپنیوں کے 8 لاکھ 62 ہزار 294 روپے کے شیئرز بھی ضبط کئے گئے، نیب نے نوازشریف کے علاوہ کسی اور فرد کی جائیداد یا شیئر ضبط نہیں کئے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نوازشریف کی جائیداد ضبط کرنے کے خلاف دائر اعتراضات مسترد کئے جائیں۔

یاد رہے کہ نوازشریف کے بھتیجے یوسف عباس سمیت دیگر نے جائیداد منجمد ہونے کے خلاف اعتراضات دائر کئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں