امریکی صدر بائیڈن نے روسی صدر پیوٹن کو جنگی مجرم قرار دیدیا

واشنگٹن + ماسکو (ڈیلی اردو/اے پی) امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو جنگی مجرم قرار دے دیا۔

ایک تقریب میں صحافیوں کے سوالات کے غیررسمی جوابات میں امریکی صدر نے کہا وہ سمجھتے ہیں کہ پیوٹن جنگی مجرم ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ ایک طویل اور مشکل جنگ ہو سکتی ہے لیکن امریکی عوام کی پیوٹن کے شہری آبادیوں پرغیر اخلاقی حملوں کے مقابلے میں یوکرین کے لوگوں کیلئے حمایت جاری رہے گی۔

بائیڈن نے اپنے بیان کی مزید کوئی وضاحت نہیں کی تاہم وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ صدر بائیڈن کا بیان یوکرین میں ہسپتالوں سمیت دیگر سویلین عمارتوں پر روسی فوج کے میزائل حملوں کے پس منظر میں ہے۔

“ایک غیر ملکی ڈکٹیٹر کے ذریعہ دوسرے ملک میں بربریت اور ہولناک واقعات آپ دیکھ رہے ہیں،جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئی ہیں۔ ہسپتال تباہ ہورہے ہیں، حاملہ خواتین اور صحافی اور دوسرے لوگ متاثر ہورہے ہیں۔صدر بائیڈن نے دراصل ایک براہ راست سوال کا جواب دیا۔

“جین ساکی نے مزید کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ یوکرین میں روس کے حملوں کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ یہ طے کیا جاسکے کہ آیا یہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں