لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار ہلاک

لکی مروت (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے لکی مروت میں تھانہ نورنگ کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اس کی شناخت محمد بلال کے نام سے ہوئی جو سی ٹی ڈی اہلکار تھا۔ پولیس کے مطابق بلال کو دفتر جاتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس نے اطلاع پاتے ہی موقع پر پہنچ کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ بعد ازاں محمد بلال کی پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں ڈی پی او لکی مروت شہزادہ عمر عباس بابر، پاکستانی فوج کے افسران سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسروں اور لواحقین نے شرکت کی۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں