بغداد میں داعش کا خودکش حملہ، عراقی میجر سمیت دو فوجی ہلاک

بغداد (ڈیلی اردو) عراقی فوج اور عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے درمیان تصادم کے نتیجے میں میجر سمیت دو فوجی ہلاک جبکہ دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے میڈیا دفتر کے مطابق عراقی فوج نے دارالحکومت بغداد سے تقریباً 30 کلومیٹر شمال میں ترمیہ کے علاقے میں داعش کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا جس میں ایک حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا لیا جس میں 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران دونوں فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں 2 داعش کے کارکنان مارے گئے۔

وزارت داخلہ کے ایک ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ داعش کے ایک کارکن نے بارودی بیلٹ پہنی ہوئی تھی، عراقی فورسز کی جانب سے آپریشن کے دوران دہشتگرد نے خود کو بم سے اڑایا جس سے ایک میجر اور ایک سپاہی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب عراقی فوجی کمان کے ترجمان یحیٰی رسول نے کہا کہ اب تک 43 داعش عناصر شمالی صوبے نینوا میں ایک حالیہ کارروائی میں مارے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں