کور کمانڈر پشاور کے حوالے سے اہم سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈر پشاور کے حوالے سے اہم سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔ پشاور کور دو دہایئیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔‘

بیان کے مطابق ’پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔

’ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ افواج پاکستان کے بہادر سپاہی اور آفیسرز ہمہ وقت وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رہے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس لیے سینیئر قومی سیاسی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ادارے کے خلاف ایسے متنازعہ بیانات سے اجتناب کریں۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے لیفٹینٹ جنرل فیض حمید جو ان دنوں کور کمانڈر پشاور تعینات ہیں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’فیض حمید بیچارہ تو کھڈے لائن ہے۔‘

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی جانب سے بھی اپنی تقریروں میں فیض حمید کا ذکر کیا جاتا رہا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سیاسی بیانات میں فوج کے بارے میں بات کرنے کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا ہو۔ اس سے قبل، گذشتہ اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’فوج کو سیاست سے دور رکھا جائے اور اس کے خلاف غیر مصدقہ اشتعال انگیز بیانات دینے کی روش نقصان دہ ہے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں