کراچی: صدر دھماکا، مشتبہ شخص کی ویڈیو سامنے آگئی

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے صدر میں ہوئے بم دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث مشتبہ شخص کی ویڈیو سامنے آگئی۔

صدر دھماکے کی نئی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک مشتبہ شخص پیدل سڑک پر سائیکل لاتے دیکھا جاسکتا ہے، سائیکل کے کیریئر پر شاپنگ بیگ میں مبینہ طور پر بارودی مواد موجود تھا۔

ویڈیو کے مطابق دھماکے میں استعمال کی گئی سائیکل تقریباً آدھے گھنٹے پہلے جائے وقوعہ پر کھڑی کی گئی جس کے بعد وہ شخص وہاں سے چلا گیا۔

پولیس اور دیگر تحقیقاتی ادارے واقعے کی دیگر پہلوؤں سے مزید چھان بین میں مصروف ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا نے کے حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کی دھماکے سے متعلق تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد سائیکل کے کیریئر میں نصب کیا گیا تھا، بی ڈی ایس کے عملے کو جائے وقوعہ سے سائیکل کے پارٹس ملے جبکہ دھماکے کی جگہ سے 55 اسٹیل بال بیئرنگ بھی ملے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے میں دیسی ساختہ آئی ای ڈی، بال بیئرنگ اورڈھائی کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ دھماکے سے 7 کاریں اور 3 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

جناح ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہےکہ صدر دھماکے کے 2 زخمی جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دوسرے زخمی کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کے جسم سے بال بیرنگز نکالے گئے، ان کے جسم پر جلنے کے نشان بھی ہیں جب کہ کچھ زخمیوں کی مختلف ہڈیاں بھی ٹوٹی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر کے بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں