کراچی: صدر دھماکے میں دیسی ساختہ آئی ای ڈی استعمال کیا گیا، بی ڈی ایس رپورٹ

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی میں صدر بم دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقاتی اداروں کے مطابق دھماکے میں ڈھائی کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا اور دیسی طور پر آئی ای ڈی کو تیار کیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے کیرئیر پر دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوعہ سے موٹر سائیکل کے ٹکڑے ملے، ان ٹکڑوں میں ٹائر، رم، اسٹینڈ، چین اور گیئر ملے ہیں۔

جائے وقوعہ سے 55 اسٹیل بال بیئرنگ بھی ملے، دھماکے سے 2 کاریں بری طریقے سے تباہ ہوئیں جبکہ 7 کاریں اور 3 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے میں دیسی طور پر آئی ای ڈی کو تیار کیا گیا، بال بیئرنگ سمیت ڈھائی کلو بارودی مواد دھماکے میں استعمال کیا گیا۔

ڈیلی اردو کو موصول واقعے میں ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دھماکے اور اس کے بعد کی صورت حال نظر آئی ہے جس میں کوسٹ گارڈ کی گاڑی بھی نظر آرہی ہے۔

تحقیقاتی ادارے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ دہشت گردوں کا سراغ لگایا جاسکے۔

دوسری جانب سندھودیش ریولوشنری آرمی کے ترجمان سوڈھو سندھی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے ذریعے کوسٹ گارڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق ایس آر اے سندھ کی مکمل آزادی تک مزاحمتی جنگ جاری رکھنے کا عزم دُہراتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں