شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، داعش کے کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں غلام خان کے علاقے میں آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورسز کی جانب سے غلام خان کے علاقے میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں داعش خراسان کے کمانڈر کمانڈر سعید، ضیاء الرحمن اور مستقیم اللہ خان شامل ہیں۔

یاد رہے سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو مختلف آپریشنز میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، مارے گئے دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں