بلوچستان کا دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ لائن صوبے کا کردار ہے، وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ (ڈیلی اردو) وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان کا دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ لائن صوبے کا کردار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے اخبارات کے ایڈیٹرز کی ملاقات ہوئی جس میں ایڈیٹرز کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں صوبے کے سیاسی امور بارشوں سے پیدا صورتحال اور حکومتی اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایڈیٹرز سے امدادی سرگرمیوں حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی جاری مالی سال کے ترقیاتی پروگرام و ترجیحات پر گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ متعلقہ ادارے صوبے کے طول و عرض میں بارش کی صورتحال میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ڈیموں کو پہنچنے والے نقصانات اور وجوہات کا جائیزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ زید اسپتال کوئٹہ میں بہترین سہولیات موجود ہیں، اسپتال سے بھرپور استفادہ کے لئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعیناتی عمل لائی گئی ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ شیخ زید اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ دی جارہی ہے، سول اسپتال کوئٹہ کی طرز پر دیگر اسپتالوں میں بھی ٹراما سینٹر قائم کرینگے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترقیاتی مد میں مجموعی طور 60 سے 70 ارب روپے دستیاب ہوتے ہیں۔ اتنے فنڈز تو کوئٹہ شہر کی صفائی کے لئے بھی ناکافی ہیں، صوبائی بجٹ سے 50 ارب روپے امن وامان کے لئے مختص ہوتے ہیں۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کا دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ لائن صوبے کا کردار ہے،چاہتے ہیں کہ امن و امان کے اخراجات میں وفاقی حکومت اور دیگر صوبے بھی ہمارا بوجھ بانٹیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کو اضافی ترقیاتی فنڈز کی درخواست کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کا بلوچستان کے ساتھ رویہ انتہائی مثبت اور حوصلہ افزاء ہے، وفاق کے تعاون سے بلوچستان کی ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں