شمالی وزیرستان: دتہ خیل میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پاکستانی فوج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں اور فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکورٹی زرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، ایک کا نام شیر آواس خان جبکہ باقی 3 کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے، گزشتہ روز تحصیل میر علی کے نواحی گاؤں ویدک میں جمیعت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے ویلج کونسل ٹو کے چیئرمین مرتضیٰ داوڑ کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں