شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 دہشت گرد اور ایک اہلکار ہلاک

راولپنڈی (ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل کے نواحی گاؤں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے کامیاب کارروائی کی اور 6 دہشت گرد مارے گئے اور ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔

بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے 34 سالہ لانس نائیک اسلام الدین بھی ہلاک ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی کسی قسم کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر صفائی کا عمل جاری ہے۔

اس سے قبل آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پاکستانی فوج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

سیکورٹی زرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کا نام شیر آواس خان جبکہ باقیوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں