پاک بھارت کشیدہ: سرینگر مظفر آباد بس سروس معطل

مظفر آباد (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی، پانڈو اور کھلانہ سیکٹروں کی سول آبادیوں پر بھارتی فائرنگ کے بعد کشیدہ صورتحال سرینگر مظفرآباد بس سروس معطل کر دی گئی سرحدی علاقوں کے تعلیمی ادارے بند اور امتحانات موخر کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی،پانڈو اور کھلانہ سیکٹروں کی سول آبادی پر بلااشتعال گولہ باری سے پیدا کشیدہ صورتحال کے بعد پیر کے روز روانہ ہونے والی سرینگر مظفرآباد بس سروس کو معطل کر دیا گیا بس سروس کی معطلی سے آزاد کشمیر کے پانچ شہری مقبوضہ کشمیر میں پھنس گئے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے تین شہری آزاد کشمیر میں پھنس گئے ہیں ۔

بھارتی گولہ باری کے باعث چکوٹھی، توفرآباد، پاہل، میرا بکوٹ اور ان سے ملحقہ دیہاتوں کے عوام نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو گئے ہیں سرحدی علاقوں میں بھارتی فائرنگ کے بعد شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے پیر کے روز لائن آف کنٹرول چکوٹھی سے ملحقہ علاقوں کے تعلیمی ادارے اور بازار بند رہے انتظامیہ نے سکولوں میں جاری سالانہ امتحانات بھی موخر کر دیے ہیں انتظامیہ نے کنٹرول لائن سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کے لیے ہٹیاں بالا میں کیمپ قائم کر دیا ہے۔

نقل مکانی کرنے والے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ کیمپ میں رہائش پذیر ہیں اور دیگر اپنے عزیز و اقارب اور اپنے طور پر محفوظ مقامات پر رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں بارش اور شدید سردی میں نقل مکانی کرنے والے لوگ شدید پریشانی اور مشکل سے دوچار ہیں سرحدی علاقوں کے عوام کا مطالبہ ہے کہ وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتیں بم پروف بنکرز تعمیر کے لیے عوام کو مالی امداد فراہم کریں تانکہ عوام اپنے گھروں میں رہ کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں