صومالیہ: موغادیشو کے حیات ہوٹل پر الشباب کا حملہ، 20 افراد ہلاک

موغادیشو (ڈیلی اردو) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں مسلح حملہ آوروں نے حیات ہوٹل پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  مسلح حملہ آوروں نے ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل ہوٹل کے باہر دو کار بم دھماکے کیے اور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہو گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے تاحال کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

صومالیہ کے سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے بارود سے بھری ہوئی 2 گاڑیوں کے ذریعے پہلے موغادیشو کے ہوٹل حیات کے باہر دھماکے کیے گئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق ایک گاڑی ہوٹل کے راستے پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں سے ٹکرائی گئی جبکہ دوسری گاڑی ہوٹل کے دروازے سے ٹکرائی گئی جس کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوئے اور وہ اب تک ہوٹل کے اندر موجود ہیں۔

مسلح افراد اور اہلکاروں کے درمیان کئی گھنٹوں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

فائرنگ کے تبادلے میں اب تک 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ درجنوں افراد کو بحفاظت ہوٹل سے نکال لیا گیا ہے تاہم مسلح افراد اب بھی ہوٹل کے ایک کمرے میں پناہ لیے ہوئے ہیں جن سے سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ القاعدہ کے ذیلی دہشتگرد گروہ الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

واضح رہے کہ حیات ہوٹل صومالیہ میں اعلیٰ سیاسی اور حکومتی شخصیات کے لیے ایک پسندیدہ جگہ سمجھی جاتی ہے جبکہ الشباب کے دہشتگردوں کی جانب سے 2020 میں موغادیشو ہی کے ایک اور ہوٹل پر حملے کے دوران 20 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں