فرانس: نیس ٹرک حملے میں ملوث خاتون سمیت 8 افراد کو قید کی سزا

پیرس (ڈیلی اردو/وی او اے/اے ایف پی) فرانس کی ایک عدالت نے منگل کے روز نیس میں 2016 کے خوفناک دہشت گرد حملے کے الزام میں آٹھ مشتبہ افراد کو قید کی سزا کا حکم دیا، جس میں ایک مشتبہ اسلام پسند حملہ آور نے 14 جولائی کی قومی تعطیل کا جشن منانے والے ہجوم پر اپنا ٹرک چڑھا دیا تھا۔

تیونس کے 31 سالہ رہائشی محمد لحویج بوھلال نے نیس میں پولیس کی گولی سے ہلاک ہونے سے پہلے ٹرک سے یہ حملہ کیا تھا۔ سمندر کے کنارے ایک پشتے پر چار منٹ کی افرا تفری میں 86 افراد ہلاک اور 450 سے زائد زخمی ہوئے۔

اس حملے کی تیاری میں محمد لحویج بوھلال کی مدد کرنے پر دو افراد کو 18 سال قید کی سخت ترین سزا سنائی گئی۔

ججوں نے تینوں کے درمیان فون کالز اور ٹیکسٹ پیغامات کے ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ محمد غریب اور چوکری چافرود کو، حملہ آور کے اسلام پسند بنیاد پرستی پر مبنی نظریات اور دہشت گرد حملہ کرنے کی اس کی صلاحیت کے بارے میں قتل عام سے پہلے کے دنوں میں علم تھا۔

تیونس سے ہی تعلق رکھنے والے 47 سالہ غریب اور 43 سالہ شافرود پر ڈیلیوری ٹرک کرائے پر لینے میں مدد کرنے کا الزام بھی ہے۔ انہوں نے الزامات کی تردید کی ہے۔

28 سالہ رمزی عرفہ کو 12 سال کی سزا سنائی گئی، جس نے لحویج بوھلال کو وہ گن فراہم کرنے کا اعتراف کیا تھا جس سے اس نے کسی کو مارے بغیر پولیس پر فائر کیا تھا۔ رمزی عرفہ پر کسی دہشت گرد کے ساتھ مجرمانہ تعلق یا لحویج بوھلال عزائم سے باخبر ہونے کا الزام نہیں تھا۔

پانچ دیگر ملزمان کو جن میں سے، ایک کا تعلق تیونس سے اور چار کا البانیہ سے ہے، ہتھیاروں کی اسمگلنگ یا مجرمانہ سازش کے الزام میں دو سے آٹھ سال کی قید کی سزا سنائی گئی ہے، تاہم ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اسلامک اسٹیٹ (داعش) گروپ نے بعد میں لحویج بوھلال کےاپنے پیروکاروں میں سے ایک ہونے دعویٰ کیا تھا، حالانکہ تفتیش کاروں کو حملہ آور اور ان جہادیوں کے درمیان کوئی ٹھوس روابط کے شواہد نہیں ملے ہیں جنہوں نے اس وقت عراق اور شام کے بڑے حصے کو کنٹرول کیا تھا۔

چودہ جولائی کی ہولناک رات

14 جولائی کو فرانس کے سالانہ باسٹیل ڈے کی تعطیل کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے تقریباً 30,000 لوگ نیس کے ساحل پر جمع ہوئے تھے جب لحویج بوھلال نے ان پر حملہ کیا۔

فرانس اور تیونس کی پریس رپورٹس کے مطابق، لحویج بوھلال کی لاش 2017 میں تیونس واپس لائی گئی تھی اور تیونس کے جنوب میں واقع اس کے آبائی شہر مسکین میں اسے دفن کیا گیا تھا۔ تیونس کے حکام کی جانب سے اس کی کبھی تصدیق نہیں کی گئی۔

فرانس جنوری 2015 میں طنزیہ چارلی ہیبڈو اخبار اور پیرس میں ایک یہودی سپر مارکیٹ میں ہلاکتوں کے بعد سے اسلام پسند دہشت گرد حملوں کی لہر سے متاثر ہوا ہے، جن میں اکثر داعش یا دیگر جہادی گروپوں کے نام پر کام کرنے والے “لون ولف” حملہ آور ہیں۔

عدالتی نگرانی سے تیونس فرار ہونے کے بعد براہیم تریرو واحد مشتبہ شخص تھا جس پر اس کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا تھا، جہاں اب خیال کیا جاتا ہے کہ وہ زیر حراست ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں