خیبرپختونخوا: پولیس تنصیبات پر حملوں کے خدشہ پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے مبینہ دھمکیوں کے بعد خیبرپختونخوا میں پولیس کی تنصیبات کی سکیورٹی سخت کرنے اور اہلکاروں کو ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹ کا استعمال لازمی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اس سلسلے میں پشاور سمیت صوبہ بھر کی پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے جس کی روشنی میں سڑکوں پر چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے اور جگہ جگہ پر ناکے لگا دئیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں پر مسلسل حملوں نے اعلیٰ حکام کو تشویش میں مبتلا کیا ہے چند روز قبل ٹی ٹی پی کی جانب سے مبینہ طور پر پولیس کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں جس کے بعد سے صوبہ میں حساس علاقوں بالخصوص پشاور کی سکیورٹی پر نظر ثانی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

اس ضمن میں اضافی چیک پوسٹ قائم اور پولیس کی گشت کو بڑھا دیا گیا ہے گاڑیوں اور موٹرسائیکل سوار افراد کی تلاشی شروع کردی گئی ہے اور مشکوک افراد کی پکڑ دھکڑ کیلئے آپریشن تجویز کردئیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈیوٹی کے دوران پولیس کیلئے ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹ کا استعمال لازمی ہوگا اور تھانہ جات اور چوکیوں وغیرہ کی سکیورٹی بھی سخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی اس مقصد کیلئے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے بعد یونیفارم کے استعمال سے بھی منع کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں پر حملوں کی وجہ سے محکمہ پولیس میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ زیادہ تر واقعات کے بعد حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی داد رسی نہیں کی جاتی اور اکثر اوقات اہلکاروں کو بغیر کسی منصوبہ بندی کے فیلڈ میں اتارا جارہا ہے جس کے نتیجے میں پولیس کی نچلی سطح کے اہلکاروں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں