وانا پولیس اسٹیشن سے لوٹا گیا اسلحہ دہشت گردوں سے برآمد

وانا (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے وانا کے ایک تھانے سے لوٹا گیا اسلحہ اور گولہ بارود دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کرلیا۔

گزشتہ سال 20 دسمبر کو تقریباً 50 دہشت گردوں نے وانا میں ایک پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولا تھا اور وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) شبیر حسین مروت کے مطابق جنوبی وزیرستان کی پولیس نے ضلع کے گاؤں اعظم ورسک میں آپریشن کیا اور دسمبر میں وانا کے ایک تھانے سے لوٹا گیا اسلحہ اور گولہ بارود دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کرلیا۔

آج جاری ہونے والے ایک بیان میں ڈی پی او شبیر حسین مروت نے کہا کہ ان کی ہدایت پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گزشتہ رات آپریشن کیا گیا اور بن یامین کے نام سے شناخت کیے گئے ایک شخص کے گھر سے لوٹا ہوا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

جاری کردہ بیان کے مطابق برآمد ہونے والی اشیا میں سب مشین گن،2 میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، 2 وائرلیس سیٹ، 2 موبائل فون، 3 بیلٹس،3 آر پی جی وار ہیڈز سمیت گیارہ دستی بم، 5 کلو بارود، ایک ہزار 126 راؤنڈز، 3 دیسی ساختہ دھماکاخیز ڈیوائسز(آئی ای ڈی) ایک گیس گن، ایک ٹارچ، 2 بیگ اور ایک ہیلمٹ شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 دسمبر کو کیے گئے حملے میں زخمی ہونے والا کانسٹیبل الیاس دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کی پولیس ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

پشین کے علاقے سرانان میں دھماکہ سے مدرسے کا طالبعلم محمد یونس زخمی ہو گیا ، دھماکہ خیز مواد پین میں رکھا گیا تھا جو استعمال کے دوران پھٹا ، دھماکے سے طالبعلم کے دونوں بازو بری طرح سے متاثر ہوئے، دھماکے کے حوالے سے مزید تحقیقات لیویز کا عملہ کر رہا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں