بلوچستان: کچلاک میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں 4 پولیس اہلکار ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو) بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے مضافاتی علاقے کچلاک میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے پولیس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک دہشت کرد مارا گیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن کوئٹہ کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کچلاک میں پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

کارروائی کے دوران پر محکمہ انسداد دہشت گردی کی فورس کو ایف سی کی مکمل حمایت حاصل تھی۔

ایس ایس پی کوئٹہ نے بتایا کہ کچلاک میں کارروائی کے دوران ایک گھر کا محاصرہ کیا گیا تاہم گھر میں موجود دہشت گرد کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں اینٹی ٹیررسٹ فورس (اے ٹی ایف) کے 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

کیپٹن(ر) زوہیب محسن نے مزید بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ایس ایس پی کوئٹہ نے شبہ ظاہر کیا کہ مارے جانیوالا دہشت گرد 2 روز قبل پولیس پر حملے جبکہ ایک ہفتہ قبل ایف سی پر ہونیوالے حملے میں ملوث تھا۔

پولیس نے مارے جانیوالے دہشت گرد کی لاش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا جس کی شناخت سیف اللہ کے نام سے ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشیں پولیس لائن کوئٹہ منتقل کردی گئی ہیں جہاں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی حالیہ لہر میں سیکیورٹی فورسز خاص کر پولیس کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز بھی کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب ہونے والے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک جب کہ 22 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 5 فروری کو کوئٹہ میں پولیس لائن کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں