پنجاب کے مختلف اضلاع سے کالعدم تنظیموں کے 9 دہشت گرد گرفتار

لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران 9 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائیاں پنجاب کے اضلاع ملتان، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال اور گوجرنوالہ میں کی گئیں، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنطیموں سے ہے، دہشت گردوں سے بارودی مواد، ڈیٹو نیٹرز، گولیاں اور 41 ہزار 170 روپے نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناحت عتیق، رشید، ریاض، صدیق، شعیب، رحیق، ذاہد، کاشف اور مقصود کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گردوں کے خلاف 9 مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق کہ رواں ہفتے 284 کومبنگ آپریشنز کے دوران 56 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 13949 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

حکام نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں