بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، دو پاکستانی شہری ہلاک، ایک زخمی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے تیتری نوٹ سیکٹر پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے سیکٹر سٹوال میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے سبب دو شہری ہلال ہوگئے اور ایک شہری زخمی ہوگیا۔ مقامی ذرائع نے شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے قریب بکریاں چرانے والوں پر فائرنگ کی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ عبید قیوم اور 55 سالہ محمد قاسم کے ناموں سے ہوئی، دونوں افراد ضلع پونچھ کی تحصیل ہجیرہ کے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان ایل او سی پر کشمیریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنی مرضی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، واقعے پر شدید احتجاج

دریں اثنا ایل او سی پر فائرنگ سے دو شہریوں کی ہلاکت پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلبی کرکے شدید احتجاج کیا، پاکستان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ بھارت کے حوالے کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی جس کے نتیجے میں دو شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا، پاکستان بھارتی فورسز کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو آج وزارت خارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، ایسی کارروائیاں 2003 کے سیز فائر مفاہمت کی صریح خلاف ورزی ہیں، بھارت جنگ بندی کی مفاہمت کا احترام کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں