یوکرین کے 17 ہزار سے زائد ریکروٹس نے تربیت مکمل کرلی، برطانوی وزارت دفاع

لندن (ڈیلی اردو/اے پی/اے ایف پی/ڈی پی اے) برطانوی وزارت دفاع کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق برطانیہ اور دیگر مغربی اتحادی ممالک اب تک یوکرین کے سترہ ہزار سے زائد ریکروٹس کی فوجی تربیت مکمل کر چکے ہیں۔ یہ فوجی تربیت روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی عملی مدد کرتے ہوئے دی گئی۔

لندن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق برطانوی وزارت دفاع نے پیر 26 جون کے روز بتایا کہ روسی یوکرینی جنگ میں مغربی ممالک کی طرف سے کییف حکومت کے ہاتھ مضبوط بنانے کی عسکری خواہش کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کے دوران 17 ہزار سے زائد ایسے افراد کی فوجی تربیت مکمل کی جا چکی ہے، جو یوکرینی فوج میں نئے بھرتی کیے گئے تھے۔

برطانوی وزرات دفاع کے مطابق ان نئے بھرتی کیے گئے افراد کا تعلق یوکرین میں مختلف سماجی طبقات سے تھا اور ان سب کو پانچ ہفتوں تک ایسی بھرپور فوجی تربیت دی گئی کہ اس کے بعد وہ سب کے سب ”عام سویلیں باشندوں سے فوجی‘‘ بن چکے تھے۔

ان ہزاروں یوکرینی ریکروٹس کی ملٹری ٹریننگ برطانیہ نے اپنے نو اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر مکمل کی۔ ان ممالک میں کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ناروے، فن ،لینڈ، سویڈن، ڈنمارک، لیتھوانیا اور نیدرلینڈز شامل تھے۔

یوکرین کے یہ سترہ ہزار سے زائد نئے فوجی وہ تھے، جن کی ملکی مسلح افواج میں رضاکارانہ بھرتی کا سلسلہ کییف حکومت نے گزشتہ برس جون میں شروع کیا تھا۔

آپریشن انٹر فلیکس

لندن حکومت کے مطابق برطانیہ کی قیادت میں ان یوکرینی فوجیوں کی عسکری تربیت کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کا نام آپریشن انٹرفلیکس ہے اور اس دوران کسی بھی قسم کا کوئی عسکری تجربہ نہ رکھنے والے ان یوکرینی باشندوں کو کئی شعبوں میں فوجی تربیت دی گئی۔

انہیں یہ بھی سکھایا گیا کہ مختلف اقسام کے ہتھیار کیسے استعمال کرتے ہیں، میدان جنگ میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیسے مہیا کی جاتی ہے اور یہ کہ جنگی علاقوں میں خود کو محفوظ رکھتے ہوئے فوجی گشت کیسے کیا جاتا ہے۔

اس بارے میں برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے بتایا، ”یوکرین کے ان فوجیوں کو برطانوی سرزمین پر دی جانے والی عسکری تربیت ایک ایسا حوصلہ افزا عمل تھا، جس میں ان ریکروٹس کی تربیت کرنے والوں میں برطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک کے فوجی ماہرین بھی شامل تھے۔‘‘

‘یوکرین کی مدد جاری رہے گی‘

برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس کے مطابق، ”برطانیہ اور اس کے بین الاقوامی پارٹنر ممالک یوکرینی فوج کو ایسی عملی مدد فراہم کرتے رہیں گے، چاہے یہ کتنا ہی عرصہ جاری رکھنا پڑے، تاکہ یوکرین روسی فوجی جارحیت کے خلاف کامیابی سے اپنا دفاع کر سکے۔‘‘

برطانیہ نے شروع میں یہ منصوبہ بنایا تھا کہ وہ اپنے ہاں یوکرین کے دس ہزار تک نئے فوجیوں کی عسکری تربیت کرے گا۔ یہ تربیت اسی بنیادی نوعیت کی تھی، جیسی برطانیہ میں عام فوجیوں کو دی جاتی ہے۔ بعد میں تاہم ایسے یوکرینی ریکروٹس کی تعداد بڑھ کر 10 ہزار کے بجائے 17 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق اس فوجی تربیتی پروگرام کی مدت میں اب توسیع کی جا چکی ہے۔ آپریشن انٹرفلیکس کے تحت برطانیہ میں اب 2024ء تک یوکرین کے مجموعی طور پر 30 ہزار فوجیوں کو بنبیادی عسکری تربیت دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں