لاہور (ڈیلی اردو) لاہور میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شارق جمال کی اچانک پر اسرار موت ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی شارق جمال لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں واقع گھرمیں رات گئے مردہ پائے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، موت کے وقت شارق جمال گھر میں اکیلے تھے۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی شارق جمال نے اپنے 2 ملازمین کو کام سے گھر سے باہر بھیجا تھا، جیسے ہی ملازم گھر واپس آئے تو ڈی آئی جی کو مردہ پایا جس کے بعد پولیس کو اطلاع کی گئی۔
ذرائع کا کہناہے کہ ڈی آئی جی شارق جمال کے اہل خانہ دوسرے گھر میں موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی شارق جمال کی رہائش تھانہ ڈیفنس اے کے علاقے فیز فور میں تھی، پولیس نے ایک مرد اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا ہے، گھر سے دور فلیٹ سے لاش برآمدگی اور وجہ موت کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔
شارق جمال کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ اُن کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
شارق جمال ڈی آئی جی ٹریفک اور ڈی آئی جی ریلویز بھی رہے جبکہ ان دنوں وہ او ایس ڈی کے عہدے پر فائز تھے۔