فلسطین: مغربی کنارے میں فائرنگ سے اسرائیلی باپ بیٹا ہلاک

تل ابیب (ڈیلی اردو/وفا نیوز ایجنسی) فلسطین کے مغربی کنارے کے جنوبی شہر نابلس میں فلسطینی شدت پسند کی فائرنگ کر کے 2 اسرائیلی شہریوں کو ہلاک کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر نابلس میں پیش آیا جہاں ایک مسلح شخص نے 2 اسرائیلیوں پر گولیاں برسائیں جن کے ہلاک ہونے کی تصدیق اسرائیل کی فوج کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

اسرائیلی ایمبولینس سروس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 60 سالہ شخص اور اس کا 29 سالہ بیٹا شامل ہے جو مقبوضہ فلسطین کے گاؤں حوارہ کے رہائشی تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمبولینس سروس نے مزید بتایا کہ دونوں افراد مردہ پائے گئے اور ان کے جسموں پر گولیوں کے زخم موجود تھے۔

دوسری جانب سرکاری فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی مغربی کنارے کے مرکزی شہر نابلس کے اہم داخلی راستوں کو بند کر دیا ہے اور کاروبار کو بند رکھنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ حماس کے ترجمان عبداللطیف القانون کے مطابق یہ حملہ لوگوں کے دفاع کیلئے کیے جانے والے وعدوں اور مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کیے جانے والے جرائم کا نتیجہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی چھاپوں کی وجہ سے مغربی کنارے کی صورت حال گزشتہ 15 مہینوں کے دوران غیر مستحکم رہی ہے اور علاقے میں ہنگامہ آرائی کی ایک وجہ فلسطینی دیہاتوں میں صیہونی آبادکاری بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں