ایف سولہ طیارے دفاع کو مزید مضبوط بنائیں گے، یوکرینی صدر زیلنسکی

کیف (ڈیلی اردو/ڈی پی اے) وکرینی پائلٹوں نے ایف سولہ جنگی طیارے اڑانے کی تربیت حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔ ادھر یوکرینی صدر اپنے دورہ یورپ کے دوران روس کے خلاف جنگ میں زیادہ عسکری مدد حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

یوکرینی وزیر دفاع اولکسی ریزنیکوف نے تصدیق کر دی ہے کہ یوکرینی پائلٹوں کو ایف سولہ طیارے اڑانے کی تربیت دینا شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ البتہ اس تربیتی عمل کو مکمل ہونے میں چھ ماہ یا اس سے بھی زیادہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

دو دن قبل ہی امریکہ نے کہا کہ تھا کہ یوکرینی پائلٹوں کی تربیت مکمل ہونے کے بعد ان کو ایف سولہ جنگی طیارے فراہم کیے جائیں گے۔ کییف حکومت جدید امریکی جنگی سازوسامان چاہتی ہے تاکہ روسی فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکے۔

یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے اپنے دورہ یورپ کے دوران بروز اتوار نیدرلینڈز میں اعلیٰ ڈچ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ وہ سویڈن کے بعد دی ہیگ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کییف حکومت کو امریکی ایف سولہ جنگی طیارے نیدرلینڈز اور ڈنمارک دیں گے۔

صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ایف سولہ طیارے موصول ہونے سے وہ اپنے عوام کا زیادہ بہتر انداز میں تحفظ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ روسی جارحیت میں شہریوں کی سلامتی چاہتے ہیں اور ان جنگی طیاروں سے یوکرینی فوج زیادہ مضبوط ہو جائے گی۔

صدر زیلنسکی اس دورے کے دوران ڈچ وزیر اعظم مارک رٹے سے بھی ملیں گے۔ رٹے کی حکومت کی کوشش ہے کہ یوکرین کو زیادہ سے زیادہ ایف سولہ طیارے فراہم کیے جائیں۔ تاہم ابھی تک واضح نہیں کہ کتنے جنگی جہاز کییف کو مل سکیں گے۔

یوکرینی شہر پر حملہ اور اقوام متحدہ کی مذمت

اقوام متحدہ نے شمالی یوکرینی شہر چرنیف میں کیے گئے روسی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ گزشتہ روز مبینہ روسی میزائل حملوں کے نتیجے میں سات یوکرینی شہری ہلاک جبکہ تقریبا ڈیڑھ سو زخمی ہو گئے تھے۔

ہلاک شدگان میں ایک بچی بھی شامل ہے۔ اس حملے میں مجموعی طور پر پندرہ بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عالمی ادارے نے اس کارروائی کو ‘بھیانک عمل‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے بھی اس اس خونریز حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یوکرینی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

ماسکو پر ڈرون حملے ناکام بنا دیے، روس

روس نے کہا ہے کہ ماسکو اور اس کے گرد و نواح میں یوکرینی ڈرون حملوں کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران ماسکو پر حملہ کرنے کی یہ دوسری کوشش تھی۔

یوکرین پر روسی جارحیت کے جواب میں روس میں بغیر پائلٹ کے ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں لیکن کییف حکومت اس بارے میں عمومی طور پر خاموش ہی رہتی ہے کہ روسی سرزمین پر اس طرح کے حملے کون کر رہا ہے۔ تاہم یوکرینی حکام روس پر ڈرون حملوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں