دہشت گرد جس اسلام کو مانتے ہیں وہ اسلام نہیں ہے، بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ایک بار پھر سے صارفین کی توجہ کا مرکز بنی جس میں اُنہوں نے دہشتگردی کو اسلام سے منسلک کرنے پر اپنا واضح ردِ عمل دیا ہے۔

شاہ رخ خان سے ایک انٹرویو میں جب اسلام کی تعریف کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’میں جھوٹ نہیں بولوں گا کیونکہ آج سے 2 یا 3 سال پہلے جب بھی کوئی مجھ سے کہتا تھا دہشتگردی اسلام کی فطرت میں ہے تو میں اس کی اس بات سےصرف صاف انکار کرتا تھا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ اب مجھے یہ بات سمجھ بھی آگئی ہے کہ یہ دہشتگرد جس اسلام کو مانتے ہیں وہ ہمارا اسلام نہیں ہے کیونکہ ہمارے پاس ایک اللّٰہ کی آواز ہماری مقدس کتاب قرآن کی شکل میں موجود ہے اور اگر ہم صرف اسی کو اپنا اسلام مانیں تو اس میں کہیں پر بھی کسی انسان کو تکلیف پہنچانے کی تاکید نہیں کی گئی۔

شاہ رخ خان نے اپنی بات کی عین اسلامی تعلیمات کے مطابق وضاحت کرنے کے لیے سورۃ المائدہ کی آیت نمبر 32 اور 33 کا حوالہ بھی دیا۔

جس شخص نے کسی انسان کو ناحق قتل کیا تو گویا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا اور جس نے کسی ایک انسان کی زندگی کو بچایا تو گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا
اُنہوں نے ان آیات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ قرآن مجید میں یہ احکامات صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے اُتارے گئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ قرآن مجید یا احادیثِ مبارکہ میں کہیں بھی انسانیت کو تکلیف پہنچانے کے احکامات موجود نہیں ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنی بات کی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مزید وضاحت کی کہ اسلام میں تو انسانیت کا خیال رکھنے کے اتنے سخت احکامات ہیں کہ اگر کہیں جنگ ہو رہی تو اس صورتحال میں بھی خواتین، بچوں، جانوروں اور اناج کو بالکل نقصان نہیں پہنچایا جائے گا اور جو بھی ان احکامات کی خلاف ورزی کرے گا وہ کسی صورت جنت میں داخل نہیں ہوگا بلکہ سخت سزا پائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا مقصد کسی کی مخالفت کرنا نہیں ہے اس لیے میں بہت معذرت کے ساتھ یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ دہشگرد جس اسلام کو مانتے ہیں یہ صرف مُلّا کی زبانی ہے یہ ہمارا اسلام نہیں ہے۔

اُنہوں نے تمام مذاہب کے ماننے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کو گمراہ مت کریں بلکہ نوجوان نسل کو اپنی مقدس کتابوں میں جو اصل تعلیمات موجود ہیں صرف وہی سمجھائیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کو بھارت میں اکثر ہی مسلمان ہونے کی وجہ سے انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مخالفت کا سامنا رہتا ہے اور کئی بار بھارتی صحافی بھی اداکار سے اسلام کے بارے میں بھارت میں پھیلے منفی نظریے پر سخت سوالات کرتے نظر آتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں