جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگوں کے 128 واقعات، 45 افراد ہلاک، 83 شدید زخمی

وانا (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں گزشتہ 10 سال میں بارودی سرنگوں کے 128 واقعات رونما ہوئے جن میں 86 متاثرہ خاندان تاحال معاوضے سے محروم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں گزشتہ 10 سال میں بارودی سرنگوں کے 128 واقعات میں 45 افراد ہلاک اور 83 شدید زخمی ہوئے تاہم 86 متاثرہ خاندانوں کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں انضمام سے پہلے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں 59 جبکہ انضمام کے بعد 69 واقعات رونما ہوئے۔

نجی اخبار مشرق کے مطابق انضمام سے پہلے کے واقعات میں 26 افراد ہلاک اور33 زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کو معاوضہ دیا گیا جبکہ 22 متاثرہ خاندان تاحال معاوضے سے محروم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انضمام کے بعد 69 واقعات میں 19 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے، جن میں سے 5 خاندانوں کو معاوضہ ملا جبکہ دیگر کی مالی مدد نہیں کی گئی تاہم اس حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

تحریک انصاف کے سینیٹر دوست محمد خان نے بارودی سرنگوں کے متاثرین کو معاوضہ نہ ملنے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ متعلقہ حکام نے دو ہفتوں کے اندر متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں