مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملہ، بچوں سمیت 13 افراد ہلاک، اقوام متحدہ

نیو یارک (ڈیلی اردو/بی بی سی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ پر ایک اسرائیلی حملے میں پانچ بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے کی یہ تازہ ترین خبر اقوام متحدہ کی جانب سے علاقے کے بارے میں ایک علیحدہ اپ ڈیٹ کے بعد سامنے آئی ہے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کے مطابق نور شمس پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مغربی کنارے میں پانچ بچوں سمیت 13 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

سنیچر کو جاری کردہ ایک بیان میں ادارے نے بتایا ہے کہ اس حملے میں ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا جبکہ دیگر زخمی بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ مغربی کنارے میں 30 لاکھ فلسطینی آباد ہیں۔ پچھلے 50 سالوں میں اسرائیل نے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں کئی بستیاں تعمیر کی ہیں جہاں اب سات لاکھ سے زیادہ یہودی بھی رہتے ہیں۔

ادھر غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں اس وقت تک 4651 شہری مارے جا چکے ہیں۔ اس دوران 14245 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 266 فلسطینی صرف گذشتہ 24 گھنٹوں میں مارے گئے ہیں، جن میں 117 بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق دہشت گرد تنظیم حماس کے اسرائیل پر حملے اور اس کے بعد شروع ہونے والے لڑائی میں اب تک کم از کم 1400 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں