الشفا ہسپتال میں تین نرسوں کی ہلاکت ہوئی ہے، اقوام متحدہ

نیو یارک (ڈیلی اردو/بی بی سی) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال میں تین نرسیں ہلاک ہو گئیں ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال کے ارد گرد ’بمباری اور مسلح جھڑپوں‘ میں شدت آنے کے بعد ہسپتال کی تین نرسیں مبینہ طور پر ہلاک ہو گئی ہیں۔

اتوار کو ایک تازہ بیان میں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے اہم انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے جن میں آکسیجن سہولیات، پانی کے ٹینک اور زچگی وارڈ شامل ہیں۔

اسرائیل اس سے قبل حماس پر غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال کے نیچے زیر زمین کمانڈ سینٹر چلانے کا الزام لگا چکا ہے، جس کی حماس تردید کرتی ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حماس الشفا ہسپتال کے اندر کام کر رہی ہے، ہسپتال کے سرجری کے سربراہ ڈاکٹر مروان ابو سعدہ نے کہا کہ یہ الزامات ایک ’بڑا جھوٹ‘ ہیں۔

انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہم عام شہری ہیں۔ میں ایک سرجن ڈاکٹر ہوں۔ ہمارے پاس طبی عملہ ہے، ہمارے پاس مریض ہیں، اور بے گھر لوگ ہیں۔ اور کچھ نہیں۔‘

حالیہ دنوں میں شمالی غزہ میں الشفا کے ارد گرد کے علاقے میں شدید لڑائی ہوئی ہے، اسرائیل پر براہ راست ہسپتال پر حملہ کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہسپتال کے علاقے میں کارروائی کر رہی ہے لیکن اس نے اس سہولت پر حملے کی تردید کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں