بنوں میں دہشت گردوں نے سرکاری گرلز اسکول کو نذرِ آتش کر دیا

بنوں (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے میریان میں دہشت گردوں نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ممباتی بارکزئی کو نذرِ آتش کر دیا ہے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1740748418778382678?t=xQ3Qwc3ttwot_UNqMwthWg&s=19

تفصیلات کے مطابق تحصیل میریان میں دہشت گردوں نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ممباتی بارکزائی کوٹکہ کو رات کی تاریکی میں جلا دیا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق اسکول کے سائنس روم میں پڑا لیب کا سارا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا، دہشت گرد اسکول سے شمسی پلانٹ سمیت دیگر سامان بھی ساتھ لے گئے۔

دہشت گردوں کی جانب سے اسکول کے مرکزی گیٹ پر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے دھمکی آمیز وال چاکنگ بھی کی گئی ہے۔ دہشت گردوں نے اسکول کو کھولنے کی صورت میں اس سے بھی بھیانک نتائج کی دھمکی دے دی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں افتحار خان ودیگر پولیس کے اعلی افسران نے سکول کا دورہ کیا اور سکول میں موجود جلائے گئے کلاس روم کا معائنہ کیا۔

سکول گیٹ پر دھمکی آمیز تحریر درج ہونے کی وجہ سے سکول طالبات میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے سکول میں فنگر پرنٹ بھی لے لئے۔

ڈی پی او بنوں کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی جارہی ہے اس کے بعد اس پر جلد بیان جاری کیا جائے گا۔

سابق ڈسٹرکٹ ناظم و مالک مکان سکول سلیم الرحمن کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے 50 لاکھ روپے سے زائد سکول کا سامان جلایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں