شمالی وزیرستان سے 5 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد

میرانشاہ (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے دو مختلف علاقوں سے مزید پانچ افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں۔

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) روخانزیب خان نے صحافیوں کو بتایا کہ چاروں افراد بظاہر غیر مقامی لگ رہے ہیں لیکن ابھی تک لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی کیونکہ ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا: ’تمام افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے اور ان کے پاس ایک ٹرک اور ایک پک اپ ڈاٹسن بھی کھڑی تھی۔

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس نے اس حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے کہ یہ گاڑیاں کہاں سے آئی تھیں۔

جبکہ دوسرے واقعے میں نامعلوم افراد نے کرک سے تعلق رکھنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

‘یاد رہے کچھ روز قبل شمالی وزیرستان میں وزیرستان میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے چھ حجاموں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی تھی۔

اس سے قبل شمالی وزیرستان کے تحصیل سپین وام سے 8 غیر مقامی مزدوروں کو اغوا کیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان مزدوروں کو گاؤں ششی سے اغوا کیا گیا۔

مغوی افراد سیکورٹی چیک پوسٹوں کی تعمیر کا کام کررہے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ مزدور ماڑی پٹرولیم کمپنی کے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں