پشاور: فردوس بازار میں نجی ہوٹل کے اندر دھماکا

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے مصروف ترین فردوس بازار میں ہوٹل کے اندر دھماکہ ہوا ہے جس سے بھگدڑ مچ گئی لیکن اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث ہوٹل کے اندر کافی مالی نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

تھانہ شہید گلفت حسین کی حدود فردوس بازار میں ہوٹل کے اندر دھماکہ کے حوالے سے بم ڈسپوزل یونٹ کی تحقیقات مکمل ہو گئیں۔ اس حوالے سے بی ڈی یو نے جائے وقوعہ کا باریک بینی کیساتھ جائزہ لینے کے بعد یہ دھماکہ بارودی مواد پھٹنے سے پیش آنے کی رپورٹ جاری کر دی۔

بی ڈی یو کے مطابق بارود میں کوئی بال بیرنگ نہیں تھی اس وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایس پی سٹی ڈویژن طیب جان کا کہنا ہے کہ ملوث عناصر کا سراغ لگانے کیلئے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ سے متعلق مختلف پہلوئوں پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایس ایچ او ہشت نگری کی جانب سے سی ٹی ڈی کو اندراج مقدمہ کے لئے ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ علاقہ فردوس نجی ہوٹل میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا جس سے ہوٹل کو نقصان پہنچا۔

مراسلے میں ہوٹل کے مالک کے مطابق کچھ دن قبل انہیں بھتے کی کال موصول ہوئی تھی‘ملزمان نے خوف و ہراس پھیلانے کے لئے دھماکا کیا۔

جائے وقوعہ سے بارودی مواد کے شواہد بھی ملیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں