’بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے‘ وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) بھارت کے وزیرِ دفاع راج نات سنگھ کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات پر پاکستان کی جانب سے بھی سخت ردِ عمل سامنے آرہا ہے۔

پاکستانی وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے انڈین وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’آج سے کُچھ سال پہلے انھوں (انڈیا) نے پلوامہ میں گھس کر کُچھ کرنے کی کوشش کی تھی اور اُس کا کیا انجام ہوا تھا، خیرات میں ہم نے ان کا پائلٹ واپس کیا تھا، اب پھر کوشش کر کے دیکھ لیں جو پہلے ان کے ساتھ ہوا تھا اب بھی بلکل ویسا ہی ہوگا۔‘

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کی حکمران جماعت اور اُن کے رہنما یہ سب باتیں صرف الیکشن میں کامیابی کے لیے کر رہے ہیں۔‘

پاکستانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’پاکستان یہ نہیں چاہتا کہ دونوں مُلکوں کے درمیان حالات کشیدہ ہوں یا خطے کا امن خراب ہو، یہ اس بات کی تصدیق ہے کہ انڈیا اب بھی پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور ان کی سر پرستی کرتا رہا ہے اور کر رہا ہے۔‘

بعد ازاں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کے وزیرِ دفاع کی جانب سے سامنے آنے والے پاکستان مخالف بیانات کی ہم شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں، اور اس بات کی بھی کہ انھوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انڈیا پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور انھوں نے پاکستان کے دعویٰ کی تصدیق کر دی ہے کہ انڈیا پاکستان میں ان کارروائیوں کی پشت پناہی کرتا رہا ہے۔‘

ترجمان دفترِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’جس طرح کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف انڈیا کے وزیرِ دفاع کی جانب سے کیا گیا ہے وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، کسی بھی مُلک کے اندر کوئی دوسرا مُلک اُن کے شہری کو نشانہ نہیں بنا سکتا۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں